اہم خبریںپاکستان

پی ٹی آئی رہنما نے بھتیجی کو آشنا سمیت قتل کرکے لاشیں نہر میں بہادیں

صادق آباد کے علاقہ بستی علامہ سائیں دہ گوٹھ کی رہائشی طاہرہ قمر دختر قمر الدین ولانہ اور اس کا رشتہ دار 25 سالا احسان خالق ولانہ محبت کی شادی کرنا چاہتے تھے، باہمی رنجش پر طاہرہ کے چچا پی ٹی آئی صوبائی حلقہ 265 کے ٹکٹ ہولڈر جام اللّٰہ یار ولانہ نے دیگر ملزموں کے ہمراہ دونوں کو اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا دبا کر قتل کردیا

صادق آباد ( روزنامہ پنجاب تازہ ترین ۔ 06 جون 2021ء ) صوبہ پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں ناجائز تعلقات کے الزام پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور ٹکٹ ہولڈر نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی بھتیجی اور اس کے آشنا کو قتل کرکے لاشیں نہر میں بہادیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صادق آباد کے علاقہ بستی علامہ سائیں دہ گوٹھ میں پیش آیا ، جہاں مسمات طاہرہ قمر دختر قمر الدین ولانہ اور اس کا قریبی رشتہ دار 25 سالا طالب علم احسان خالق ولانہ محبت کی شادی کرنا چاہتے تھے تاہم باہمی رنجش پر طاہرہ کے چچا پی ٹی آئی صوبائی حلقہ 265 کے ٹکٹ ہولڈر جام اللّٰہ یار ولانہ نے دیگر ملزموں صبغت اللہ، اعجاز، امان اللّٰہ اور داد ولانہ کے ہمراہ احسان خالق اور طاہرہ قمر کو اغواء کرنے کے بعد کمرے میں بند کردیا اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گلا دبا کر انہیں قتل کردیا جب کہ دونوں کی لاشوں کو نہر میں بہا دیا۔

(جاری ہے)



بتایا گیا ہے کہ واقعے کا علم ہونے پر ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں نے نہر سے لاشیں نکالنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ، پوسٹمارٹم کے بعد مقتولین کی نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جب کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کو حراست میں لے لیا گیا ، پولیس کو شبہ ہے کہ دوہرے قتل کیلئے ولانہ برادری کا جرگہ ہوا جس میں قتل کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری طرف لاہور میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے ناجائز تعلقات سے منع کرنے پر شوہر کو جلا دیا ، بتایا گیا ہے کہ چوہنگ کے علاقے میں خاتون نے آشنا اور دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اپنے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی،پولیس کے مطابق نسیم بی بی نامی خاتون نے ساتھیوں مرتضیٰ اور ندیم کے ساتھ مل کر شوہر ارشد پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس سے وہ بری طرح جھلس گیا ، ارشد کو شدید تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔متاثرہ شخص کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمہ نسیم بی بی کے مبینہ تعلقات تھے، میں نے بیوی کو منع کیا تو اس نے باز آنے کے بجائے مجھ سے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا اور ساتھیوں سے مل کر مجھے آگ لگا دی ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔



Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button